“الیکشن کمیشن اور پیکا ایکٹ میں ترامیم کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں”

574

 اسلام آباد:مرکزی اطلاعات سیکریٹری پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے الیکشن کمیشن ایکٹ اور پیکا قانون میں ترامیم لانے کے فیصلے پر اپنے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کے الیکشن کمیشن اور پیکا ایکٹ میں ترامیم کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔

شازیہ مرزا کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی الیکشن ایکٹ اور پیکا قانون میں ترامیم لاکر عوام کو خاموش کرانے کے حکومتی سازش کی بھرپور مخالفت کرتی ہے، حکومت کی جانب سے الیکشن ایکٹ میں ترامیم آئندہ انتخابات میں دھاندھلی کا ایک نیا منصوبہ ہے اس سے حکومت کو اپنی نااہلی اور ناکامی واضح طور پر نظر آ رہی ہے اس لئے اب ذاتی مفادات کے لیے قانون ہی تبدیل کیا جا رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو غیر قانونی اقدامات کے ذریعے انتخابات چوری کرنے نہیں دیں گے اور عوام کو ناگھبرانے کا مشورہ دینے والی پی ٹی آئی حکومت اب خود کیوں گھبرا رہی ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پیکا قانون کے تحت عام لوگوں کی آواز کو دبانا غیر جمہوری عمل اور عام شہری کے حقوق کی خلاف ورزی ہے اور حکومت عام شہری کی آواز دبانے کے لیے ایسے اقدامات کر رہی ہے جو آمریت میں بھی نہیں ہوا۔

 شازیہ مری کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت ڈکٹیشن کے تحت ایسی قانون سازی نہ کرے جس کا کل وہ خود شکار بنیں اورمطالبہ کیاکہ وفاقی حکومت الیکشن ایکٹ اور پیکا قانون میں ترامیم کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے۔