عمران خان نے پاکستان کو معاشی دلدل میں دھنس دیا ہے، احسن اقبال

381

بدوملہی:مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کی نا اہل حکومت نے پاکستان کو معاشی دلدل میں دھنسا دیا ہے، ملک میں ہونے والی بد ترین مہنگائی نے غریب عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ آئے روز اشیاءخورونوش، پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ اسے عوا م سے کوئی سروکار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج موجودہ حکومت نااہل اور نالائق حکمرانوں نے جو آئی ایم ایف سے وعدے کیے ہوئے ہیں اس کی سزا عوام کو دی جا رہی ہے،  عوام بد ترین مہنگائی کی وجہ سے تنگ آ چکے ہیں۔ عمران نیازی کا یہ کہنا تھا کہ جس ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہو تو وزیر اعظم کرپٹ ہوتا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سالوں میں حکومت نے صرف مہنگائی بڑھائی ہے۔ عوام کو سزا دینے والی PTIکی حکومت سے عوام کو نجات دلائیں گے ۔ اسی لیے حکومت کے خلاف عدم اعتماد لانے لیے سیاسی جماعتیں اکٹھی ہو رہی ہیں۔ کیونکہ PTIکی حکومت نے ساڑھے تین سال اپوزیشن پر الزامات لانے میں ضائع کر دیے ہیں۔