بلدیاتی انتخابات دوسرا مرحلہ: 873 امیدواروں کے کاغذات جمع

405
الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے اخراجات کیلئے ساڑھے9ارب مانگ لئے 

پشاور: خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 65تحصیل کونسلز میں 873 امیدواروں نے تحصیل مئیر اور چیر مین کی نشست کے لیے کاغذات جمع کرائے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اسی طرح 1830 ویلیج اور نیبرہڈ کونسلوں میں جنرل نشستوں پر 15336 ، خواتین کی نشستوں کے لیے3488 مزدور و کسان کی نشستوں کے لیے 7016, یوتھ کی نشستوں کے لیے 6006 اور اقلیتی نشستوں کے لیے 120 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے۔

کل پیر 21 فروری 2022ءسے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا اہم مرحلہ شروع ہو رہا ہے جو 23 فروری 2022 تک جاری رھے گا۔تمام ریٹرننگ افسران اپنے متعلقہ ضلعوں میں دفتری اوقات صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کاغذات نامزدگی کے منظور ہونے یا مسترد کرنے کے فیصلے کریں گے۔

اسکروٹنی کے دوران متعلقہ امیدوار کے ساتھ تجویز کنندہ گان اور تائید کنندہ بھی شامل ہو سکتے ہیں، ریٹرننگ افسران کے فیصلے کے خلاف ایپیلٹ ٹربیونل میں اپیل دائر کی جا سکتی ہے۔

کاغذات نامزدگی کے مسترد یا منظوری کے خلاف 24 فروری سے 26 فروری تک اپیلیں متعلقہ ایپیلٹ ٹریبونل میں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ھو رھے ھیں جس میں 4 سابقہ قبائلی علاقوں موجودہ ضم شدہ اضلاع اورکزئی، ضلع کرم،جنوبی وزیرستان اور شمالی وزیرستان شامل ہیں جہاں تاریخ میں پہلی مرتبہ بلدیاتی نمائندوں کا باقاعدہ انتخاب ہو گا،18 اضلاع میں مالاکنڈ ڈویژن اور ہزارہ ڈویژن کے 7، 7 اضلاع شامل ہیں۔

انتخابات 31 مارچ 2022 بروز جمعرات کو ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں اپنی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔