بھارت کشمیر کو ہڑپ کرنے کی سازش میں مصروف ہے ،صدر آزاد کشمیر

300

راولپنڈی:صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہ صرف مظالم کی انتہا کر رہا ہے بلکہ ایسی گھناﺅنی سازش کر رہا ہے کہ مسئلہ کشمیر نہ صرف ختم ہو جائے بلکہ وہ کشمیر کو ہڑپ کر لے لیکن ہم بھارت کی ان مکروہ سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

صدر آزاد جموں وکشمیر کا کہنا تھا کہ  اس میں نہ صرف پاکستان کے عوام بھی ہمارے ساتھ ہیں بلکہ پوری دنیا میں مقیم کشمیری بھی اس پر اپنی بھرپور آواز عالمی سطح پر بلند کریں گے۔ آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں 24 فروری کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے ڈی چوک تک کشمیر ریلی منعقد کی جا رہی ہے۔ یہ ریلی تحریک آزادی کو عالمی سطح اجاگر کرنے کے لیے ایک نیا موڑ ثابت ہو گی۔

انہوں نے کہاکہ ہم مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے، ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو عالمی فورمز پر بے نقاب کر کے بھارت کے چہرے سے رنگین نقاب اتار کر اس کے مکروہ چہرے کو دنیاکے سامنے لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جہاں پاکستانی عوام ہمارے ساتھ ہیں وہاں پر آزاد کشمیر، اندرون اور بیرون ملک کشمیریوں کی بھی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرکی عوام کی آواز دنیا کے ایوانوں میں پہنچائیں۔