انتظامی اور جوڈیشل اختیارات سے متعلق کمیٹیوں کی تشکیل نو مکمل

1053

اسلا م آباد/ لاہور (صباح نیوز/ نمائندہ جسارت) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے انتظامی اور جوڈیشل اختیارات سے متعلق کمیٹیوں کی تشکیل نو کر دی۔ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال بلڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ دیگر ارکان میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل ہیں‘ کمیٹی عدالت عظمیٰ کی عمارتوں، ججز گیسٹ ہائوسز وغیرہ کے معاملات دیکھے گی‘ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو عدالت عظمیٰ ریسرچ سینٹر افیئرز کمیٹی کا انتظامی جج تعینات کیا گیا ہے‘ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ لا کلرک پروگرام کمیٹی کے سربراہ ہوں گے ۔ ترجمان عدالت عظمیٰ نے بتایا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ آن ریکارڈ انرولمنٹ کمیٹی کے چیئرمین بھی ہوں گے۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ عدالت عظمیٰ لاہو ر رجسٹری کا دورہ کیا ۔ لاہور رجسٹری آمد پر ڈپٹی رجسٹرار اعجاز احمد گورائیہ اور دیگر افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔