فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کیخلاف اپیل پر جلد سماعت کیلیے درخواست

435

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے تاحیات نااہلی کے خلاف اپیل پر جلد سماعت کے لیے ایک اور درخواست دائر کر دی ہے۔

فیصل واوڈا کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ سے نااہلی کا فیصلہ دیا، نااہلی کے خلاف اپیل دائر کر دی، نااہلی کے خلاف اپیل ارجنٹ نوعیت کی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ اپیل کو آئندہ ہفتے جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

فیصل واوڈا نے تاحیات نااہلی کے فیصلے کو گزشتہ روز عدالت عظمیٰ میں چیلنج کر دیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل میں الیکشن کمیشن کو بھی فریق بنایا گیا۔

فیصل واوڈا نے موقف اختیار کیا کہ دہری شہریت کیس میں عدالت عظمیٰ نے تاحیات نااہلی کے اصول کا اطلاق نہیں کیا، اس لیے ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کو تاحیات نااہل کرنے کا اختیار نہیں تھا کیونکہ الیکشن کمیشن مجاز کورٹ آف لا نہیں، ان حقائق کو نظر انداز کر کے اسلام آباد ہائی کورٹ نے عجلت میں اپیل خارج کی۔

فیصل واوڈا نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کا نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر سینیٹر کے عہدے پر بحال کیا جائے۔

فیصل واوڈا کی اپیل ایڈووکیٹ وسیم سجاد نے عدالت عظمیٰ میں دائر کی۔

علاوہ ازیں عدالت عظمیٰ نے سابق چیئرمین سی ڈی اے امتیاز عنایت الٰہی کی ضمانت منسوخی کے لیے دائر نیب اپیل خارج قرار دے دی۔ سابق چیئرمین سی ڈی اے امتیاز عنایت علی پر شکرپڑیاں کلچرل کمپلیکس میں کرپشن کا الزام ہے۔