بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان، درخواست نیپرا کو موصول

399

اسلام آباد: بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان ہے جب کہ اس کے لیے درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو موصول ہوگئی ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا کو بجلی مہنگی کرنے کی درخواست کر دی۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں بڑے اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ درخواست جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے، درخواست کی 28 فروری کو سماعت ہوگی، درخواست کے-الیکٹرک کے سوا تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے ہے۔

واضھ رہے کہ 12 فروری کو نیپرا نے 3 روپے 10 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کی تھی، نئی قیمتوں کا اطلاق صرف فروری کے مہینے کے بلوں پر کیا گیا تھا۔

نیپرا نے دسمبر کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 3 روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی اور نوٹی فیکیشن جاری کیا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق سی پی پی اے جی نے 3 روپے 12 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی جس کے بعد اتھارٹی نے یکم فروری 2022 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی، اس کا اطلاق صرف فروری کے مہینے کے بلوں پر ہوگا۔

نیپرا کا کہنا تھا کہ اس سے قبل نومبر کا ایف سی اے صارفین سے 4 روپے 30 پیسے جنوری میں چارج کیا گیا تھا جو کہ صرف 1 مہینے کے لئے تھا، دسمبر کا ایف سی اے نومبر کی نسبت 1 روپے 20 پیسے فروری میں کم چارج کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق اس کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا جبکہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔