روس کچھ ہی دنوں میں یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے، جو بائیڈن

1019

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن ایک بار پھر پیش گوئی کر دی ہے کہ روس کچھ ہی دنوں میں یوکرین پر حملے کرے گا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین روس کشیدگی پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ روسی حمایت یافتہ یوکرینی باغی اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں، امریکی اتحادی روس کی تقسیم کرنے کی کوشش کے باوجود متحد ہیں۔

جو بائیڈن نے کہا کہ گزشتہ دنوں روس کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، یوکرین پر روس کے حملے کی وجوہات کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ روس آئندہ کچھ دنوں میں یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے، مجھے یقین ہے کہ روس نے یوکرین پر حملہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، مسئلے کے حل کے لیے سفارت کاری کا امکان ہمیشہ موجود رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس نے فوج کو یوکرین سرحد سے واپس نہیں بلایا، اس لیے حملے کا خطرہ ہے، گزشتہ دنوں روسی حمایت یافتہ باغیوں کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔

جو بائیڈن نے کہا کہ روس جنگ کا بہانا چاہتا ہے اور فالس فلیگ آپریشن کی تیاری میں مصروف ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ روس یوکرین پر حملے کا بہانہ ڈھونڈ رہا ہے، ہمیں یقین ہے کہ روس یوکرین پر حملے کے لیے بہانہ تلاش کر رہا ہے اور فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے۔

اس سے قبل روس نے یوکرین سے کچھ فوجی واپس بلانے کا دعویٰ کیا تھا لیکن یوکرین کے صدر اور امریکا نے روسی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ روسی فوجیوں کی واپسی کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔