ٹک ٹاک نے پاکستان میں 6 ملین سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں

664

ٹک ٹاک نے کمینوٹی گائیڈلائنز کی خلاف ورزی پر 60 لاکھ سے زائد ویڈیوز کو ڈیلیٹ کردیا ہے۔

ٹک ٹاک نے اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ رپورٹ جاری کی ہے جس میں 2021 کی تیسری سہ ماہی کے دوران کمیونٹی گائیڈلائنز کی خلاف ورزی کرنے والے مواد اور اکاؤنٹس کی تفصیلات دی گئی ہیں۔ رپورٹ میں سخت کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر حذف کیے گئے مواد کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔

یکم جولائی سے ستمبر 2021 کے آخر تک پاکستانی صارفین کی جانب سے 60 لاکھ 19 ہزار 754 ایسی ویڈیوز شیئر کی گئیں جو کمیونٹی گائیڈ لائن کی خلاف ورزی کررہی تھیں۔ دنیا بھر میں حذف کیں گئیں ویڈیوز کے اعتبار سے گزشتہ برس پاکستان چوتھے نمبر پر رہا۔

ٹک ٹاک کے مطابق دنیا بھر میں یکم جولائی 2021 سے 30 ستمبر تک 91,445,802 ویڈیوز حذف کی گئیں جو اپ لوڈ کی گئی تمام ویڈیوز کا 1.0 فیصد ہے۔ ڈیلیٹ کی گئی ویڈیوز میں سے تقریباً 95 فیصد ویڈیوز کو رپورٹ کیے جانے سے قبل حذف کیا گیا جب کہ 88 فیصد ویڈیوز کو دیکھے جانے سے قبل اور 93 فیصدویڈیوز کو پوسٹ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر حذف کیا گیا۔

سال 2021 کی تیسری سہ ماہی کے دوران حذف کی گئیں ویڈیوزکے اعتبار سے پاکستان چوتھے نمبر پر رہا جہاں کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والی کل 6,019,754 ویڈیوز حذف کی گئیں۔

اس کے علاوہ 73.9 فیصد ویڈیوز ہراسمنٹ پھیلانے اور دھمکی آمیز مواد کے باعث حذف کی گئیں جب کہ 72.4 ویڈیوز نفرت آمیز ویڈیوز کسی کی جانب سے رپورٹ کیے جانے سے قبل حذف کی گئیں۔