افغانستان: نماز جمعہ کے دوران دھماکہ ، ایک شہید ، 15 زخمی

251

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے صوبے بادغیس کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکے میں ایک نمازی شہید اور 15 سے زائد زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے بادغیس کے دارالحکومت قلعہ نو کی ایک مسجد میں دھماکا ہوا ہے۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ اس پاس کی عمارتیں لرز اْٹھیں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کے دوران 20 کے قریب زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں ایک نمازی کے شہید ہونے کی تصدیق کردی گئی جب کہ 15 زخمیوں کو داخل کرلیا گیا ہے۔بادغیس کے پبلک ہیلتھ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ شہر قلعہ نو کی مسجد میں دھماکے میں ایک نمازی جا ں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 4 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ طالبان اہلکاروں نے دھماکے کی جگہ کا گھیرئو کرلیا،تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے امام بارگاہوں میں 5 سے زائد خودکش حملے ہوئے ہیں جن کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی ہے۔