وزیراعلیٰ کی انڈیا میں باحجاب خواتین کے تعلیمی اداروں میں داخلے پر پابندی کی مذمت

357

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انڈیا میں باحجاب خواتین کے تعلیمی اداروں میں داخلے پر پابندی کی مذمت کی اور کہا ہے کہ باحجاب مسکان خان نے ڈرنے نہیں ڈٹ جانے کا واضح پیغام دے کر انتہاپسندوں کے حوصلے پست کر دیئے۔

بپھرے ہجوم کے سامنے اللہ اکبر کا نعرہ لگانے والی باحجاب طالبہ کی جرأت کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کرناٹک میں ہندو انتہاپسندوں کی طرف سے باحجاب طالبہ کو ہراساں کرنے کے واقعہ نے مودی ازم کو بے نقاب کر دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ حجاب مسلمان خواتین کی ثقافتی پہچان ہے اور لباس کا انتخاب ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔حجاب پر پابندی امتیازی سلوک کے مترادف اور آئینی حقوق کے منافی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ انتہاپسندوں نے انڈیا کی سیکولر شناخت پر سیاہی پھیر دی۔مودی نے انتہاپسندی کو فروغ دے کر بھارت کو پیچھے دھکیل دیا۔تاریخ مودی اور اس کے حواریوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ انڈیا انتہاپسندی کی آگ میں جل رہا ہے۔انڈیا میں باضمیر حلقے حجاب پر پابندی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور انڈیا کے روشن دماغ لوگ مودی کی تنگ نظری پر آواز اٹھا رہے ہیں