پاکستانی ماہرین نے کیلے کے درخت سے متبادل دھاگے کی تکنیک حاصل کرلی

519

فیصل آباد: زرعی یونیورسٹی کے ماہرین نے کیلے کے درخت کے تنے سے پٹ سن کا متبادل دھاگہ تیار کرنے کی تکنیک حاصل کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کیلے کے پودے کے بیکار تنے اب کارآمد ہوں گے، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ فائبر اینڈ ٹیکسٹائل کے پروفیسر نے کیلے کے تنوں سے ریشے نکال کر ایسا دھاگہ تیار کرلیا ہے جسے پٹ سن کے متبادل کے طور پر استعمال کر کے سستا “پیکجنگ مٹیریل” اور کپڑا بھی تیار ہوسکے گا۔

اس دھاگے کے استعمال پر پٹ سن کی درآمد پر خرچ ہونے والا سالانہ 10 ارب روپے کا زرمبادلہ بچایا جا سکے گا،  جبکہ اس فائبر سے تیار کپڑا پائیدار ہونے کے ساتھ ساتھ سستا بھی ہوگا۔

ماہرین کے مطابق 70 فیصد کیلے کے تنے اور 30 فیصد فائبر شامل کرکے کپڑا تیار کیا گیا ہے جو نہ صرف سستا بلکہ پائیدار بھی ہو گا۔