مہاجر اور سندھی الیکشن جتواکر بھی ناکام ہوگئے،مصطفی کمال

178

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ مہاجر قوم نے گیارہ دفعہ الیکشن تو جتوا دیے لیکن خود ناکام ہوگئی، سندھی بھائی گزشتہ کئی دہائیوں سے پیپلزپارٹی کو ہر الیکشن جتوا رہے ہیں لیکن خود ناکام ہوگئے۔ آج تک دونوں قومیتوں کے بنیادی مسائل تک حل نہ ہو سکے۔ دونوں جماعتیں اپنی تمام تر خرافات کے باوجود لسانی بنیادوں پر لوگوں کی محرومیوں کا فائدہ اٹھا کر اپنے اقتدار کو طول دیتی آرہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ بلدیاتی ایکٹ کے خلاف 30 جنوری کو تبت سینٹر سے وزیر اعلیٰ ہاؤس تک مارچ کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ویسٹ کے ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مصطفی کمال نے کہا کہ جب ایم کیو ایم سیاست چمکانے کے لیے نئے صوبے کا نعرہ لگاتی ہے تو پیپلز پارٹی سندھ بھر میں سندھیوں سے کہتی ہے کہ روٹی، کپڑا، مکان، کتوں کا کاٹنا، بچوں کا بھوک سے مرنا، بے روزگاری، تعلیمی اداروں اور صحت کے مراکز کی تباہ حالی اور انفرا اسٹرکچر کی تباہی، ہاریوں پر ظلم بھول جاؤ اور یہ دیکھو کہ مہاجر سندھ دھرتی ماں کو توڑ رہے ہیں، تمام سندھی پیپلز پارٹی کا ساتھ دے کر سندھ دھرتی ماں کو بچائیں اور یوں دونوں جماعتیں اپنے اقتدار کو طول دیتی آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس صوبے اور شہر پر ظلم کر رہی ہے، 2021ء کے بلدیاتی نظام کو ختم کرکے 2001ء کا بلدیاتی نظام مزید اختیارات کے ساتھ بحال کرو اور بات کرو، ہمارے بتائے گئے فارمولے سے صرف ایک شہر نہیں بلکہ پاکستان کے ہر علاقے کے مسائل حل ہو جائیں گے۔