حکومتی انتظامیہ نے کشمیر پریس کلب کی دوبارہ رجسٹریشن روک دی

394

سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میںانتظامیہ نے صحافیوں کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم’’ کشمیر پریس کلب‘‘ (کے پی سی) کی دوبارہ رجسٹریشن روک دی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کے پی سی کی انتظامی باڈی نے ذرائع ابلاغ کو ایک بیان کے ذریعے بتایا کے پی سی کے انتخابات جولائی 2021 میں ہونے تھے کیونکہ پچھلی ایگزیکٹو کمیٹی کا معیاد دو سالہ مدت پوری کرنے کے بعد 14 جولائی کو ختم ہو گیا تھا۔

بیان میں کہا گیا کے پی سی تب سے نمائندہ ادارہ کے بغیر ہے۔کلب کی دوبارہ رجسٹریشن 29 دسمبر 2021 کو رجسٹرار آف سوسائٹیز اینڈ فرمز نے دی تھی جس نے ایک نئی نمائندہ تنظیم کی تشکیل کے لیے انتخابات کا راستہ صاف کر دیا تھا۔جمعہ کو رجسٹرار آف سوسائٹیز کے ایک حکمنامے میں کہا گیا کہ 2021 کے نمبر 7427-S کے تحت دوبارہ رجسٹریشن کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سری نگر سے حتمی رپورٹ موصول ہونے تک روک دیا گیا ہے۔

یہ حکم خطے کے بہت سے صحافیوں کے لیے حیران کن ہے کیونکہ اس فیصلے کے نتیجے میں کلب کو کسی نمائندہ ادارے کے بغیر غیر متعینہ وقت کے لیے رکھا جا سکتا ہے۔کے پی سی کی انتظامیہ نے دوبارہ رجسٹریشن کو التوا  میں ڈالنے کو بدقسمتی قرار دیا ۔کلب نے اپنی انتظامی باڈی کے ساتھ ساتھ ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کا اجلاس (آج) ہفتہ کو بلایا ہے۔