ایران کا امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے کیوبا کے ساتھ قریبی تعاون پر زور

260

ایران کے نائب صدر برائے اقتصادی امور محسن رضائی نے کیوبا کے ساتھ قریبی تعاون پر زور دیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے خلاف امریکی پابندیوں کے دبا کا مقابلہ کیا جا سکے۔ایران کے سرکاری ٹی وی نے بدھ کے روز بتایا کہ محسن رضائی نے گزشتہ روز نکاراگوا کے دارالحکومت ماناگوا میں کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کانیل کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ ہمیں تعاون میں اضافہ کر کے پابندیوں اور دبا کو بے اثر کرنا چاہیے۔

رپورٹ کے مطابق نکاراگوا کے صدر ڈینئل اورٹیگا کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے کیلئے ماناگوا کا دورہ کرنیوالے محسن رضائی نے کہا کہ ایران ظالموں کے ضرورت سے زیادہ مطالبات کیخلاف کیوبا کی مزاحمت کا احترام کرتا ہے اور کیوبا کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے ویکسین کی تیاری میں دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے مختلف شعبوں بالخصوص سائنس، ٹیکنالوجی اور تجارت میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم لاطینی امریکہ کی ریاستوں بالخصوص کیوبا کیساتھ ایران کی تجارت کو آسان بنانے اور فروغ دینے کیلئے ایک مشترکہ تجارتی یونین قائم کر سکتے ہیں۔