جماعت اسلامی کا کالے بلدیاتی قانون کے خلاف سندھ بھر میں دھرنے دینے کا اعلان

567

کراچی: امیر جماعت  اسلامی سندھ محمدحسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے کالے بلدیاتی قانون کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج اب سندھ بھر تک وسیع کردیا گیا ہے اور جمعہ 7جنوری سے اندرون سندھ کے شہروں،قصبوں اور دیہاتوں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

دھرنے سے امیرجماعت اسلامی سندھ نے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ کالے قانون کے خلاف اہل کراچی کے حقوق کی تحریک کے ساتھ ہیں اور بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں،جماعت اسلامی کی تحریک سندھ بھر کے مظلوم ومحکوم عوام کی تحریک ہے،عوام کے مسائل کے حل اور حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

محمدحسین محنتی کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کے عوام اور ان کے بچوں کے مستقبل کے لیے سڑکوں پر موجود ہیں۔سندھ حکومت نے کراچی کے ہر شعبے کو تباہ و برباد کردیا۔49ہزار اسکولوں کو تباہ کردیا،اگر صوبائی وزراء اپنے بچوں کو ان اسکولوں میں تعلیم دلائیں تو ہم سمجھیں گے کہ اب ان کو عوام کے مسائل اور مشکلات کا علم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم حقیقی اپوزیشن ہیں،ہم ایم کیو ایم کی طرح نورا کشتی نہیں کرتے، ہم عصبیت اور لسانیت کے خلاف جدوجہد کی ہے،قربانیاں دیں ہیں اور نوجوانوں کی لاشیں اٹھائی ہیں۔ہم کراچی سمیت سندھ کے تمام شہروں اور قصبوں کے لوگوں کو ان کا حق دینے کی بات کرتے ہیں۔