افغانستان میں خواتین کے تحفظ کیلئے مرد کے بغیر سفر پر پابندی

368

کابل: افغانستان میں طالبان حکومت نے خواتین کا کسی قریبی رشتہ دارمرد اور حجاب کے بغیر لمبا سفر ممنوع قرار دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ  طویل سفر کرنے والی خواتین کو کسی مرد کے بغیر ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا نہ کی جائے،   تاہم  قریبی سفر کرنے والی خواتین پر پابندی لاگو نہیں۔

افغانستان کی وزارت امر بالمعروف نہی عن المنکر کی  جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے  میں کہا گیا ہے ٹرانسپورٹرز کو یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ حجاب کے بغیر عورتوں کو گاڑیوں پر سوار ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔

افغان حکومت میں وزارت کے ترجمان صادق عاکف مہاجر کا کہنا تھا کہ تنہا سفر کرنے والے خواتین اگر خاندان کے کسی مرد کے ساتھ نہ ہوں تو انہیں 45 میل سے زیادہ فاصلے تک سفر کی اجازت نہیں،سفر کرنے والی خواتین کے لئے بھی حجاب اب لازمی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات عورتوں کی حفاظت کیلیے کیے گئے ہیں، عورتوں کے سب سے زیادہ حقوق دین اسلام میں ہی بیان کیے گئے ہیں، جس کے اوپر ہم عمل پیرا ہوکر عورت کو تحفظ فراہم کرسکتے ہیں، جس معاشرے میں عورت محفوظ ہو ، اس میں امن قائم ہوتا ہے۔