عثمان بزدار،رمیز راجاملاقات،کرکٹ کے فروغ پر اتفاق

167

لاہور(جسارت نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)رمیز راجا نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں صوبے میں کرکٹ کے فروغ کیلئے اہم امور پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب اور چیئرمین پی سی بی کی ملاقات میں صوبے میں نچلی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور گرائونڈز کی تعداد بڑھانے کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کے دیہات میں پلے گرائونڈز بنا رہی ہے، دیہات کی سطح پر 500پلے گرائونڈز تیار ہو جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان میدانوں میں کرکٹ کے ساتھ دیگر کھیلوں کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، پنجاب میں کرکٹ کے2 نئے ہائی پرفارمنس سینٹرز بنائے جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر کھیل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی ۔کمیٹی پی سی بی کے ساتھ مل کر اسکولوں اورکالجوں کی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور گرائونڈز کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے حتمی سفارشات پیش کرے گی۔