پاکستان دنیا میں اب سب سے سستا ملک ہے،وزیراعظم

387
پشاور: وزیراعظم عمران خان طلبہ میں احساس انڈرگریجویٹ اسکالر شپ تقسیم کررہے ہیں

پشاور(خبرایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں اب سب سے سستا ملک ہے، کبھی نہیں کہا پاکستان کو ایشن ٹائیگر بنادیں گے ، ہمیں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے جو پاکستان کی قرارداد مقاصد میں شامل ہے۔پشاور میں نیا پاکستان کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں مہنگائی نہیں ہے ، ہم دنیا میں سب سے کم قیمت پر پیٹرول اور ڈیزل بیچ رہے ہیں، موسم سرما کے بعد اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم ہوجائیں گی، ہمیں عوام کی مشکلات میں کمی لانی اورانہیں سہولیات فراہم کرنی ہوں گی، ہم لوگوں کو تکنیکی تعلیم اورہنر سکھائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ صحت کارڈ غریب اورسفید پوش دونوں کے لیے ہے، ہمیں کہا گیا کہ کدھر ہے نیاخیبرپختونخوا؟، جب ہم حکومت میں آئے تب کے پی دہشت گردی سے بہت زیادہ متاثر تھا اور بہت خوف تھا، ہم نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتربنایا اور غربت کو تیزی سے کم کیا۔عمران خان کے بقول مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے پاس جو بھی پیسہ اکھٹا ہوتاہے وہ ماضی میں لیے گئے قرض کی ادائیگی پر جاتاہے، قرض کی مد میں ادائیگی نہ کرنی ہوتی تو ہم مزید اچھے فلاحی کام کرسکتے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری آمدن ،ٹیکس اور برآمدات میں اضافہ ہورہاہے، ہم صنعتوں کی بحالی کی طرف گامزن ہیں، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے ہر ضلع میں لوگوں کوصحت کارڈ ملے گا، جو غریب اورسفید پوش دونوں کے لیے ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم سے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری بھی شریک تھے۔ ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور انتظامی امور پر گفتگو کی گئی۔