عابد علی اور انعم امین آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کیلیے نامزد

574

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے نومبر کے لیے پلیئر آف دی منتھ نامزدگیوں میں پاکستان کے عابد علی اور انعم امین شامل ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے اعلامیہ کے مطابق عابد علی، ٹم سائوتھی اور ڈیوڈ وارنر مینز ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں جبکہ انعم امین، ناہیدہ اختر اور ہیلی میتھیوز خواتین کے ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہیں۔آسٹریلیا کے اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور پاکستان کے عابد علی کو نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹم سائوتھی کے ساتھ آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈز کے لیے مینز کی کیٹیگری میں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے جبکہ خواتین میں بائیں ہاتھ کی اسپنرز میں پاکستان کی انعم امین اور بنگلا دیش کی ناہیدہ اختر شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی آل رائونڈر ہیلی میتھیوز کے ساتھ خواتین کا ایوارڈ حاصل کرنے کی دوڑ میں دوسری بار نامزد ہوئی ہیں۔نامزدگیوں میں تمام فارمیٹس کی کارکردگی اور متحدہ عرب امارات اور عمان میں منعقدہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے میچز بھی شامل ہیں۔ آزاد آئی سی سی ووٹنگ اکیڈمی اور دنیا بھر کے شائقین جیتنے والوں کا فیصلہ کرنے کے لیے ووٹ کاسٹ کرتے ہیں، جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا۔ icc-cricket.com/awards پر رجسٹرڈ شائقین اتوار تک اپنا ووٹ ڈال سکتے ہیں۔