غریب ہوں ، مہنگائی نے میرا بھی بیڑا غرق کردیا ، فواد چودھری

308
اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چودھری تھائی لینڈ کے قومی دن پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد (صباح نیوز/ آن لائن) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ مہنگائی نے میرا بھی بیڑا غرق کر دیا‘ اچھی خاصی تنخواہ لے رہے تھے، اب 2، ڈھائی لاکھ پر آگئے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ وہ اچھی خاصی تنخواہ لے رہے تھے اور ان کا بیٹرہ غرق ہو گیا ہے۔ پروگرام کے میزبان نے کہا کہ مہنگائی کا اثر تو ان پر نہیں ہوتا جس پر فواد چودھری نے کہا کہ وہ ایک غریب آدمی ہیں۔ میزبان نے پھر سوال داغا کہ آپ کی صحت دیکھ کر تو نہیں لگتا کہ آپ کا بیٹراغرق ہو گیا ہے،جواب میں فواد چودھری نے کہا کہ اچھا خاصا جم جاتے تھے، اب نہیں جا پاتے اس وجہ سے وزن بڑھ گیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ بات سچ ہے کہ مہنگائی ہوئی ہے اور تنخواہ دار طبقہ زیادہ متاثر ہوا ہے اور انہیں مہنگائی کی چبھن زیادہ ہوئی ہو گی۔ وزیر اطلاعات نے ایک انوکھی منطق بھی پیش کی کہ مہنگائی سے پورا پاکستان متاثر نہیں ہوا‘ اگر ایسا ہوتا تو گھی، ڈیزل اور پیٹرول کی کھپت میں اضافہ نہ ہوتا۔ کہتے ہیں کہ ڈیزل اور پیٹرول سب سے مہنگا ہونے کے باوجود اس کی کھپت میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے‘ بجلی مہنگی ہے مگر اس کی کھپت بھی 13فیصد بڑھ گئی‘ مہنگائی سے کچھ طبقات متاثر ہوئے ہیں‘ زیادہ لوگوں کو اثر نہیں پڑا۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں سیالکوٹ میں تشدد کے بعد سری لنکن شہری کو قتل کرنے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہم نے معاشرے میں ٹائم بم لگا دیے ہیں‘ ان کو ناکارہ نہ کیا تو وہ پھٹیں گے ہی اور کیا کریں گے؟ سوچ رہا تھا کہ سیالکوٹ واقعے پر کیا لکھوں‘ الفاظ تو بے عمل ہو گئے ہیں‘ وقت ریت کی طرح ہاتھوں سے نکل رہا ہے بہت توجہ چاہیے ۔