مآرب میں حوثی باغیوں کے خلاف شدید لڑائی جاری

104

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمنی فوج نے کہا ہے کہ مآرب کے مغرب میںمشجح اور الکسارہ کے محاذوں پر حوثی ملیشیا کو شکست دینے کے لیے شدید لڑائی جاری ہے۔یمنی فوج کے میڈیا سینٹر نے اطلاع دی کہ فوج کے توپ خانے نے مآرب کے مغرب میں مختلف مقامات پر حوثی ملیشیا کی بیرکوں اور ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔ ادھر یمنی فوج نے صعدہ میں آل ثابت محاذ میں ایرانی حمایت یافتہ باغی ملیشیا کی دراندازی کی کارروائی کو ناکام بنا دیا۔ نیشنل آرمی میں فالکنز بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل احمد قطریفی نے اپنے بیان میں کہا کہ کہ آل ثابت محاذ میں فوجی دستوں نے فوج پر حوثی باغیوں اور دہشت گرد عناصر کے گروہوں کی طرف سے کی جانے والی دراندازی اورحملے کا منہ توڑ جواب دیا گیا ۔ اس دوران عرب اتحاد کے تعاون سے یمنی فوج کے دستے بیہان اور اسیلان کے محاذوں پر کئی علاقوں کو آزاد کرانے میں کامیاب ہو گئے۔ یمنی فوج کے میڈیا سینٹر کے مطابق لڑائی کے نتیجے میں 40 سے زائد حوثی ملیشیا کے ارکان ہلاک اور زخمی ہوگئے۔یاد رہے کہ اس سے قبل 2019ء میں صعدہ میں آل ثابت کے بازار پر حوثیوں کی بم باری سے 10 شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔ حوثی ملیشیا نے بازار کو کیٹوشیا راکٹوں سے نشانہ بنایاتھا،جس کے نتیجے میں شہریوں کی جانیں چلی گئی تھیں۔ کارروائی میں 20افراد زخمی ہوئے ، جن میں کئی بچے شامل تھے۔