عالمی بینک کی منجمد ٹرسٹ فنڈ میں سے امداد رقم جاری

285

عالمی بینک کے بورڈ نے منجمد ٹرسٹ فنڈ میں سے افغانستان کیلئے 20 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سے زائد کی امدادی رقم جاری کرنے کی حمایت کر دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان میں بحران سے نمٹنے کے لیے عالمی بینک نے مذکورہ رقم 2 امدادی اداروں کو جاری کرنے کی حمایت کی ہے۔ جن میں اقوام متحدہ کا ادارہ عالمی فوڈ پروگرام اور چلڈرن فنڈ(یونیسف) شامل ہیں۔ اس رقم کو جاری کرنے کے لیے عالمی بینک کے افغانستان کی تعمیر نو کے ٹرسٹ فنڈ (اے آر ٹی ایف) سے منسلک 31 ڈونرز کی جانب سے منظوری کی ضرورت ہے۔ عالمی بینک کے بورڈ ممبران کے اجلاس میں 1.5 ارب ڈالر کے ٹرسٹ فنڈ میں سے 5 کروڑ ڈالر انسانی امدادی اداروں کو منتقل کرنے کا معاملہ زیر غور آیا تھا۔

واضح رہے کہ افغانستان کی 3 کروڑ 90 لاکھ عوام کو معاشی بدحالی، سردیوں میں خوراک کی کمی اور بڑھتی ہوئی غربت کا سامنا ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی امداد جاری کرنے سے حالات بہتر ہو سکتے ہیں لیکن امریکی پابندیوں کے باعث عالمی مالیاتی اداروں کے لیے فنڈز کو افغانستان میں منتقل کرنا ہی ایک بڑا مسئلہ ہے۔