پنجاب: 24 گھنٹے میں ڈینگی کے 113 کیسز، 4 اموات

137

لاہور (آن لائن) لاہور میں ڈینگی کا ڈنگ تیز، گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 88 کیسز رپورٹ، مزید 3 اموات ہوئیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر سے ڈینگی کے 113 مریض رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ روز گوجرانوالہ سے ڈینگی کے 7، راولپنڈی سے 4 اور ملتان میں 3، فیصل آباد، بہاولنگر، گجرات اور شیخوپورہ سے 2،2 ، چکوال، خانیوال اور ننکانہ صاحب سے ایک، ایک مریض رپورٹ ہوا۔ گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے لاہور میں 27 ہزار 858 ان ڈور اور 5 ہزار160 آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا جبکہ 167 ان ڈور اور آؤٹ ڈور مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔ رواں سال پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے کیسز کی کل تعداد 24 ہزار 921 ہوچکی اور لاہور سے 17 ہزار 788 کیسز سامنے آئے۔ رواں سال پنجاب بھر میں ڈینگی بخار سے 142 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، گزشتہ روز ہلاک ہونے والے 3 افراد کا تعلق لاہور، ایک کا تعلق شیخوپورہ سے ہے۔ صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے 936 مریض داخل ہوئے، جس میں سے 692 مریض لاہور کے اسپتالوں میں ہیں۔