مقبوضہ کشمیر‘حریت کی نفرنس کا بھارتی ریاستی دہشت گردی میں اضافے پر تشویش

206

سری نگر(اے پی پی)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیریوں کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کے لیے بھارتی ریاستی دہشت گردی میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے ایک بیان میں کشمیریوں کے جذبہ آزاد ی کو دبانے کے لیے فوجی طاقت کے استعمال پر نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی مذمت کی۔ ترجمان نے کہا
کہ اس تحریک کو فوجی طاقت کے بہیمانہ استعمال سے کسی صورت دبایا نہیں جاسکتا۔ ترجمان نے کہا کہ یہ جابرانہ ہتھکنڈے ماضی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور مستقبل میں بھی ان کاکشمیریوں کی مضبوط اور پرامن مزاحمتی تحریک پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ہم نے آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کررکھا ہے۔ ہم نے اپنی کشتیاں جلا دی ہیں اور ہم غیر قانونی بھارتی قبضے سے مکمل آزادی کے علاوہ کسی اور چیز کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔ترجمان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں نسل کشی، بلا جواز گرفتاریوں، ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیوں کو روکنے اور علاقائی اور عالمی امن کے لیے تنازع کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔