لاہور کے عوام کو چوروں اور ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیاہے

251

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ صوبائی دارلحکومت کے عوام کو چوروں اور ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیاہے۔ شہر میں امن ومان کی صورتحال روزبروز گھمبیر ہوتی جارہی ہے، آئے روز پوش اور گنجان آباد، گلی محلوں اہم تجارتی مراکز میں ڈاکہ زنی دن دہاڑے گن پوائنٹ پر لوٹ مارکی دلیرانہ وارداتوں نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔لاہور میں چوری ڈکیتی اور جرائم کی وارداتیں سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔مغلپورہ، کوٹ لکھپت، باغبانپورہ غازی آباد، ریس کورس، نواب ٹاؤن، شاہدرہ، فیکٹری ایریا، گرین ٹاؤن،مسلم ٹاؤن،چوہنگ، مصری شاہ، اقبال ٹاؤن سمیت دیگر شہری علاقوں میں چوروں اور ڈاکوئوں نے عوام کو خوف وہراس میں مبتلا کررکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 145 کے دورہ کے دوران علاقے میں امن وامان کی صورتحال، سیاسی اور تنظیمی سرگر میوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ہمراہ سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلا ق احمد،امیر علاقہ شمالی لاہور سیف الرحمن،قیم علاقہ شمالی لاہور عثمان افضل،امیر پی پی سلیمان احمد،طاہر محمود و دیگر ذمے داران نے شرکت کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ لاہور کی امن و امان کی صورتحال روز بروز بگڑتی جارہی ہے جس سے عوام میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے پولیس اور سیکورٹی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام نظر آرہے ہیں ۔عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت اور پولیس کی ذمے داری ہے جس میں وہ ناکام ہوچکے ہیں۔انہوں نے پنجاب حکومت نے پولیس افسران کی تبدیلی کو تبدیلی سمجھ لیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں آئی جی ، سی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشن کی تبدیلیوں نے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے بجائے مزید گھمبیر بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پولیس کو سیاسی اثرورسوخ سے پاک ادارہ کیا جائے ۔ پولیس سمیت دیگر سیکورٹی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلیے تمام وسائل برائے کار لائیں اور فوری طور پرعملی اورمؤثراقدمات اٹھائے جائیں۔ پولیس اہلکاروں کو وی آئی پیز کے پروٹوکول کے بجائے عوام کے مال و جان کے تحفظ پر مامور کیا جائے۔