عرب امارات و ترکی کے درمیان اقتصادی تعلقات مضبوط ہورہے ہیں،عبداللہ بن توک المری

275

متحدہ عرب امارات کے وزیر اقتصادیات عبداللہ بن توک المری نے کہا کہ عرب امارات اور ترکی کے درمیان اقتصادی تعلقات مسلسل مضبوطی کی جانب گامزن ہیں جو مختلف شعبوں میں نئی ​​شراکت داری قائم کرنے کے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی سرکاری ایجنسی ڈبلیو اے ایم کے مطابق توک المری نے دبئی میں ترکی اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے بعد وزیر تجارت مہمت موش کے ساتھ  ملاقات کی۔

توک المری نے واضح کیا  کہ متحدہ عرب امارات اور ترکی کے درمیان اقتصادی تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں اور  یہ چیز مختلف شعبوں، خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری میں نئی ​​شراکت داری استوار  کرنے کے بہترین مواقع فراہم کررہی ہے۔

ڈبلیو اے ایم کی رپورٹ کے مطابق، متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ثانی الازیودی اور وزیر موش کی شرکت کے ساتھ ترکی-متحدہ عرب امارات کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس میں ایک ورکنگ پلان پر معاہدہ طے پایا جس کا مقصد۔ دونوں ممالک کے باہمی  تجارتی حجم میں اضافے کے لیے تیل کے ساتھ ساتھ دیگر تجارتی امور میں تیزی لانا ہے۔

دونوں ممالک کے اسٹریٹیجک محل وقوع کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے، زیودی نے نشاندہی کی کہ جہاں متحدہ عرب امارات ترک مصنوعات کو مشرق وسطیٰ، ایشیائی اور افریقی ممالک تک پہنچانے کے لیے ایک پل کا کام کر سکتا ہے، وہیں ترکی، متحدہ عرب امارات کی مصنوعات کی  یورپ اور بعض ایشیائی ممالک تک ترسیل کے لیے ایک اہم مارکیٹ کا کردار ادا کر سکتا ہے۔

قبل ازیں ترکی کے صدارتی مشیر برائے اطلاعات فخر الدین آلتون نے کہا ہےکہ متحدہ عرب امارات اور ترکی کے اقتصادی تعلقات  میں فروغ علاقائی تعاون کے لیے مواقع فراہم کرے گا۔

مشیر نے سوشل میڈا پر اپنے پیغام میں صدر ایردوان اور ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زائد کی ملاقات کے حوالے سے کہا کہ شیخ زائد کے دورہ انقرہ کے نتیجےمیں علاقائی امن و استحکام کی کوششوں میں مدد ملے گی ،اس کے علاوہ تجارتی،توانائی اور ماحولیاتی شعبوں میں طے ہوئے معاہدوں سے بھی ان تعلقات کو فروغ ملے گا۔

آلتون نے مزید کہا کہ  ترکی علاقائی استحکام کے قیام میں کلیدی کردار کا حامل بنے گا۔ اگلے چند سالوں میں  تجارتی تعلقات میں فروغ ہماری ترجیح رہے گی۔