حکومت اپنی نااہلی کی سزا غریب عوام کو دے رہی ہے ،ذکر اللہ مجاہد

248

گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو فاقوں پر مجبور کردیا ہے، رہنما جماعت اسلامی

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ موسم سرما کی آمد کیساتھ ہی سوئی گیس انتظامیہ نے اپنا رنگ دیکھانا شروع کر دیا ہے سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ، بندش کے بعد گیس پریشر کی کمی نے ناصرف گھریلوں بلکہ کاروباری زندگی کو بھی بری طرح مفلوج کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہاکہ لوگوں کو لکڑیوں اور کوئلوں پر گذرا کرنے پر مجبور کردیا ہے، صبح، شام اور رات کے وقت گیس پریشر انتہائی کم ہوجاتا ہے محکمہ سوئی گیس کی طرف سے موسم کے تبدیل ہوتے ہی لوڈشیڈنگ اپنے عروج پر ہے۔

رہنما جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عوام گھروں میں فاقوں پر مجبور جبکہ سوئی گیس حکام،افسران اور عملے کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی ہے، موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ  حکومت  کی نااہلی کی وجہ سے ڈالر 102 سے 177روپے پر چلا گیا، چینی 52 سے 115 سے 130روپے،گھی120سے 400روپے پٹرول 80 روپے سے 145روپے ادویات اشیائے خوردونوش سمیت ہر چیز دو سو فیصد سے چارسو فیصد مہنگی کر دی گئی موجودہ مہنگائی گزشتہ ادوار کی نسبت ڈبل سے زیادہ ہے۔