ویکسی نیشن کرانے والی ماں کے دودھ میں کووڈ اینٹی باڈیز کے شواہد دریافت

314

امریکہ میں ہونیوالی نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ویکسی نیشن کرانے والی مائیں دوقسم کے مدافعتی اینٹی باڈیز دودھ کے دوران بچوں میں منتقل کرتی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق نیشنل انسٹیٹوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشیز ڈیزیز کے زیرتحت ہونے والی اس تحقیق میں 77 ماں کو شامل کیا گیا ۔ان میں 47 خواتین کووڈ کو شکست دے چکی تھیں جبکہ 30 ایسی تھیں جن کی ایم آر این اے ویکسینز سے ویکسینیشن ہوچکی تھی۔ان خواتین سے حاصل کیے گئے دودھ کے نمونوں میں اینٹی باڈیز کی سطح کی جانچ پڑتل کی گئی۔نتائج سے معلوم ہوا کہ جن خواتین نے کووڈ کو شکست دی تھی ان کے نمونوں میں امینو گلوبلن اے اینٹی باڈیز (آئی جی اے)کی سطح زیادہ تھی۔اس کے مقابلے میں ویکسینیشن کرانے والی خواتین کے نمونوں میں امیونوگلوبلن جی (آئی جی جی)اینٹی باڈیز کی مقدار زیادہ تھی۔یہ دونوں اینٹی باڈیز کورونا وائرس کو ناکارہ بناسکتی ہیں اور یہ پہلی بار ہے جب محققین نے دونوں اینٹی باڈیز کے بارے میں یہ دریافت کیا۔انہوں نے بتایا کہ اینٹی باڈیز کی مقدار کی جانچ پڑتال ایک چیز ہے مگر ان کے فعال ہونے اور وائرس ناکارہ بنانے کی صلاحیت دوسری چیز۔ان کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج میں ہم نے دریافت کیا کہ دونوں گروپس میں موجود اینٹی باڈیز وائرس کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔