سلامتی کونسل نے حوثیوں کے 3 رہنماؤں پر پابندی لگادی

314
یمن: خانہ جنگی کے باعث بے گھر ہونے والے بچے خیمہ بستیوں میں پانی کے لیے سرگرداں ہیں

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمن میں سرگرم مسلح حوثی ملیشیا کے 3اہم رہنماؤں کو بلیک لسٹ کر دیا۔ انہیں شورش زدہ ملک یمن کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ ملزمان میں ایک محمد عبد الکریم قمری ہے،جو حوثی تنظیم کے عسکری جنرل اسٹاف کا سربراہ ہے۔ دوسرا مآرب میں پیش قدمی کرنے والے حوثی دستوں کا کمانڈر یوسف مدنی ہے، جب کہ تیسرا نائب وزیر دفاع صالح میسفر صالح ہے۔ صالح پر الزام ہے کہ وہ ہتھیاروں کی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔ دوسری جانب عرب اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صراوح اور جوف میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں اور ان کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 60 حوثی باغی ہلاک ہوئے اور ان کی 8گاڑیاں تباہ کر دی گئیں۔ عرب اتحاد نے تصدیق کی کہ کارروائیوں کے نتیجے میں جنگجوؤں کی 8 گاڑیاں، ہتھیار، گولہ بارود اور دیگر سامان تباہ ہوگیا۔ ادھر سعودی عرب کے فضائی دفاع نے یمن سے بھیجے گئے 3بیلسٹک میزائل تباہ کردیے۔ عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ صنعااور صعدہ میں مطلوبہ عسکری اہداف کو نشانہ بنایا جارہا ہے،جن میں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے ٹھکانوں کے علاوہ ہتھیاروں کے ڈپو شامل ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق اتحادی طیاروں نے صیانہ ونہدین اور حفا و عطان کے عسکری کیمپوں پر فضائی حملے کیے۔