سمجھ نہیں آرہا ایسا کیا کریں کہ امریکا ہمیں تسلیم کرلے، افغان وزیر خارجہ

217

اسلام آباد: افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کا کہنا ہے کہ سمجھ نہیں آرہی کہ طالبان حکومت ایسا کیا کام کریں، جس سے امریکا ہمیں تسلیم کرلے۔

افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب پاکستان اور ٹی ٹی پی کے مابین سیز فائر معاہدے کو خوش آئند قرار دیا، انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کے مابین سہولت کاری فراہم کررہے ہیں۔

امیر خان متقی نے کہا کہ امید ہے آنے والے دنوں میں مذاکرات مزید آگے بڑھیں گے، توقع کرتے ہیں عارضی جنگ بندی مستقل امن معاہدے میں تبدیل ہو، انہوں نے کہا کہ اس وقت افغان سرزمین میں پاکستان مخالف عناصر موجود نہیں اور افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو رہی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کو بڑی فوج کی ضرورت نہیں ، ہم مختصر اورباصلاحیت فوج تشکیل دیں گے انہوں نے کہاکہ،ہماری حکومت وسیع البنیادہے،جس میں تمام قومیتیں شامل ہیں۔ خواتین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت کی وزارت و اداروں میں خواتین 100 فیصد واپس آچکی ہیں، جبکہ تعلیمی اداروں میں 75 فیصد خواتین واپس ڈیوٹی پرآچکی ہیں۔

افغان وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سمجھ نہیں آتی کہ ایسا کیا کریں کہ امریکا و دیگر ممالک ہمیں تسلیم کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔