وفاقی حکومت کی 3اتحادی جماعتوں اور اپنے ہی سینئر ارکان کا ای وی ایم پر تحفظات کا اظہار

203

وفاقی حکومت کی 3اتحادی جماعتوں اور پی ٹی آئی کے اپنے ہی متعدد سینئرز ارکان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم)پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ووٹ دینے سے انکار کردیا اور پارٹی قیادت سے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی پارلیمنٹ ہاﺅس میں حکومتی، اتحادی پارلیمانی اراکین سے ملاقات ہوئی، جس میں موجودہ سیاسی صورت حال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں نے ای وی ایم پر تحفظات کا اظہار کیا جبکہ،جی ڈی اے ، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان اور مسلم لیگ( ق) نے الیکٹرانک ووٹنگ بل کی حمایت نہ کرنے کا دو ٹوک فیصلہ سنایا۔ذرائع کے مطابق ایم کیوایم اورق لیگ کا ای وی ایم کےلئے ووٹ دینے سے صاف انکار کردیا۔ دونوں جماعتوں کے اراکین نے وزیراعظم کے سامنے موقف اپنایا کہ ای وی ایم پربریفنگ، طریقہ کارسے آگاہ نہیں کیاگیا۔ذرائع کے مطابق وزیردفاع پرویز خٹک نے بھی اپنے تحفظات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا اور بتایا کہ اتحادی جماعتیں بل پرراضی نہیں،تحریک انصاف کے اپنے ارکان پارلیمنٹ نے بھی ای وی ایم پراتفاق رائے نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت کے اتحادی بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر مطمئن نہ تھے جس کے باعث اتحادیوں نے ووٹنگ مشین پر تفصیلی بریفنگ کا مطالبہ کر دیا۔اتحادیوں کیلئے بلائے گئے ظہرانہ میں صرف وزیراعظم عمران خان نے خطاب کیا۔ وزیر اعظم نے ووٹنگ مشین اور دیگر ایشوز ہر ارکان کو اعتماد میں لیا، کھانے کے بعد اتحادی اور حکومتی سینئر وزرا میں بات چیت ہوئی، اتحادیوں نے ای وی ایم پر وقت مانگا۔ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسلئے موخر کیا گیا کہ اتحادیوں نے مشاورت کیلئے وقت مانگا۔