سندھ کا اعزاز: سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری

205

وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ صادق علی میمن نے کہا ہے کہ پاکستان میں سندھ نے قوت سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے میں ایک سنگ میل طے کیا ہے اور سندھ ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جس نے سماعت سے محروم ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا ہے۔وہ بدھ کو پاکستان ایسوسی ایشن آف دی ڈیف کے زیر انتظام سنٹر آف ایکسی لینس فار ڈیف کراچی کا دورہ کررہے تھے ۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان ممتاز بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی صادق علی میمن نے سنٹر کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی صادق علی میمن کو سماعت سے محروم افراد کو دی جانے والی پیشہ ورانہ تربیت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے وہاں سماعت سے محروم افراد کو دی جانے والی سہولیات کو سراہا۔ صادق علی میمن نے مزید کہا کہ حکومت سندھ نے خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے ہم انہیں معاشرے کا کارآمد رکن بنا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ خصوصی افراد کی بحالی میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور نجی شعبے کے ساتھ مل کر ان کو تعلیم، صحت اور بحالی کی سہولیات میں بہتری لا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ صادق علی میمن نے کہا کہ یہ اطمینان کی بات ہے کہ سماعت اور بصارت سے محروم افراد کے لیے سافٹ ویئر ایپلی کیشنز پر کام جاری ہے تاکہ وہ آزادانہ زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو ان کے جائز حقوق اور مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ترقی کر سکیں۔