جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کا نظام چاہتی ہے،میاں ذکر اللہ مجاہد

228

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ محمد ﷺ کی پیدائشِ مبارکہ سے لیکر وفات تک کے تمام گوشوں اور آپﷺ کی ذات مقدس امت کیلئے دنیا و آخر ت میں کامیابی کی ضمانت ہیں۔

ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ  دنیا میں جتنے بھی پیغمبر رب کائنات نے مبعوث فرمائے سب نے خداوند کریم کی وحدانیت کا پیغام دیا کہ اللہ واحد لا شریک ہے اور اس کے علاوہ کوئی معبود نہیں اور یہی پیغام نبی آخر الزماں ، احمد مجتبیٰ،محمد مصطفی ﷺ نے بھی دیا اور کعبہ کو بتوں سے پاک کردیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپﷺ کا دیا ہوا نظام زندگی قیامت تک کے انسانوں کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہے، جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کا نظام چاہتی ہے۔ ملک و قوم کے تمام مسائل اور دکھوں کا مداواصرف اور صرف قرآن و سنت کے نظام کے نفاذسے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نعرے تو ریاست مدینہ کے بلند کرتی ہے لیکن اس کی عملی شکل کہیں نظر نہیں آتی۔ ہمارے حکمرانوں کے تبدیلی اور مدینہ کی ریاست کے اعلانات اور دعوے صرف تقاریر اور خطابات تک محدود ہیں جو ایک افسوسناک امر ہے۔امیر لاہور نے شرکاءکانفرنس میں قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دیانتدار قیادت ہی عوام کے مسائل کو حل کرسکتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی لاہور کا کہناتھاکہ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور سودی نظام کے خلاف جماعت اسلامی کاساتھ دے۔ عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے جماعت اسلامی کی قیادت کو موقع دیا تو انشاءاللہ قرآن و سنت کے نظام کو نافذ کر کے ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے اور قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔