ایران حوثیوں کو اسلحہ اور پیسہ دے کرتخریبی کردار ادا کر رہا ہے، یمنی صدر

325

صنعاء:یمن کے صدر عبد ربہ منصور ھادی نے کہا ہے کہ ایران یمن کے باغی حوثی گروپ کو اسلحہ اور پیسہ دے کر خطے میں تخریبی کردار ادا کر رہا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق یمنی صدر نے امریکا کے ایلچی ٹم لینڈرکنگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  یمنی میدان میں ہونے والی پیش رفت، امن قائم کرنے اور حوثی ملیشیا کی جانب سے قومی اتفاق رائے کے خلاف بغاوت کے بعد شروع کی گئی۔

یمنی صدر کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا کے حملوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں عام شہری ہلاک اور ہزاروں کی تعداد میں بے گھر ہوگئے ۔

منصور  ہادی نے کہا کہ حوثی ملیشیا کی کارروائیوں کے نتیجے میں شہریوں کے جانی نقصان کے ساتھ ان کی املاک کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے، حوثی ملیشیا ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نجی املاک کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

یمنی صدر نے کہا کہ یمن کی آئینی حکومت حوثیوں کی دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے عوام کے تحفظ اور انہیں امن کی فراہمی کے لیے کوششیں کر رہی ہے، یمن کے تنازع میں ایران کی بے جا مداخلت کی مذمت کرتے، تہران حوثی ملیشیا کو اسلحہ اور پیسہ دے کر تخریبی کردار ادا کر رہا ہے۔