عمران خان کا احتساب کا نعرہ جھوٹا ہے، رہنما پیپلزپارٹی

204

کراچی: پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی عوام دشمن پالیسیوں نے پاکستانی عوام کی کمر توڑ دی ہے اور عمران نیازی نے 90 دنوں میں کرپشن کے خاتمے کا کہا تھا لیکن پی ٹی آئی کے لوگ خود کرپشن کررہے ہیں اور پی ٹی آئی حکومت نے ملک کے سارے کرپشن کے ریکارڈز بھی توڑ دیئے ہیں جبکہ عمران نیازی کا احتساب کا نعرہ جھوٹا تھا۔

شازیہ عطا مری اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضی وہاب نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ملک کا قرضہ ہماری جی ڈی پی کے تقریبا 95 فیصد تک جا پہنچا ہے جو کہ فسکل ریسپانسبلٹی ایکٹ 2005 کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہاکہ  جو کہتا تھا کہ ملکی قرضہ جی ڈی پی کے 60 فیصد سے تجاوز ہونا نہیں چاہیے اور ملک کے بیرونی قرضے تقریبا 122 ارب ڈالرز تک جاپہنچے ہیں،ملک کے حالات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہے۔

پیپلز پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ نیب کرپشن میں ملوث حکومت کے لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہا جبکہ نیب نے عامر کیانی اور پرویز خٹک کیخلاف انکوائری کو بھی بند کردیا ہے اور یہ دونوں مختلف کرپشن کیسزمیں ملوث تھے۔

شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان نے ملک کی معیشت، تعلیمی نظام اور سیکیورٹی کا چھرا بگاڑ دیا ہے چند روز پہلے پنجاب میں 12 پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کے دوران شہید کیا گیا حکومت نے اس پر کوئی بھی ایکشن نہیں لیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ  ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں رات کی تاریکی میں ہوشربا اضافہ کیا کیا اور تین برسوں میں یہ 13 واں مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کیا گیا پیپلزپارٹی اس فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔ اس نالائق حکومت نے بجلی اور چینی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔