متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث لیاری گینگ وار کا ملزم گرفتار:سی ٹی ڈی

219

محکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی)نے کارروائی کر کے لیاری گینگ وار کے اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیاہے، ملزم متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہاہے۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں کارروائی کی۔ انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کے مطابق کارروائی میں لیاری گینگ وار کا اشتہاری شوٹر معراج عرف چھوٹو گرفتار کرلیا گیا۔چوہدری صفدرنے بتایاکہ ملزم رحمن ڈکیت کا قریبی رشتہ دار اور گینگ وار ملزم ساجد واجد کا بھانجا ہے، ملزم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔انچارج کے مطابق گرفتار ملزم نے دوران تفتیش ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، ملزم نے سنہ 2012 سے 2019 تک 4 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی۔ملزم معراج نے سنہ 2019 میں پولیس اہلکار فاروق کو شہید کیا، سی ٹی ڈی، پولیس اہلکار فاروق کے قتل میں ملوث دیگر ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے۔انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم قتل، اقدام قتل، دہشت گردی اور جلاﺅ گھیراﺅ میں ملوث ہے، گرفتار ملزم پرانا گولیمار اور لیاری سے بھتہ وصول کرتا تھا۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔