جونیئرعالمی ہاکی کپ،قومی اسکواڈ کی تشکیل کیلیے ٹرائلز

268

کراچی (سید وزیر علی قادری) جونیئرعالمی ہاکی کپ میں شرکت کرنے والی 18 رکنی قومی جونیئر ا سکواڈ کی حتمی تشکیل کے لئے 2روزہ ٹرائلز آج اور کل عبدالستارایدھی ہاکی ا سٹیڈیم کراچی ہونگے۔ قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی 2روزہ ٹرائلز میں قومی جونیئر ہاکی تربیتی کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کی کارکردگی اور صلاحیتوں کا جائزہ لے گی اور پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی کی جانب سے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کی تشکیل کے دوران حتمی منظوری کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر بھی موجود ہونگے جبکہ سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن اولمپین آصف باجوہ بھی انکے ہمراہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا جائزہ لینے کے لئے موجود ہونگے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی کو آج اور کل عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں2روزہ ٹرائلز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی اور قومی جونیئر ہاکی ٹیم کی حتمی تشکیل کے لئے خطجاری کردیا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ہاکی سلیکشن کمیٹی میں اولمپین منظور جونیئر،(چیئرمین)، اولمپین کلیم اللہ، اولمپین ناصر علی، اولمپین ایاز محمود، اولمپین خالد حمید اور اولمپین وسیم فیروزشامل ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے قومی جونیئر ہاکی ٹیم اور قومی سینئر ہاکی کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کے درمیان پریکٹس میچز لاہور میں کھیلیجائینگے۔قومی جونیئر ہاکی ٹیم جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے سینئر ہاکی کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس میچز کے سلسلہ میں 3 نومبر کو لاہور پہنچے گی جہاں 4میچز کھیلے جائینگے۔ نیشنل ہاکی ا سٹیڈیم لاہور میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام پہلے 2 میچز 6 اور7 نومبر کو کھیلے جائینگے جبکہ8 نومبر کو ایک روزہ وقفہ کے بعد 9اور10 نومبر کو آخری2 میچز کھیلے جائینگے۔عالمی جونیئر ہاکی کپ انڈیا کے شہر بھوبنیشور میں24 نومبر تا 5 دسمبر کھیلا جائیگا۔پاکستان جونیئرز ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ جرمنی کے خلاف 24 نومبر کو کھیلے گی۔