ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ انگلینڈ نے بنگلا دیش کو شکست دے دی

211
شارجہ: انگلش بلے باز بنگلادیش کے خلاف رن لیتے ہوئے گیند کی طرف دیکھ رہے ہیں

ابوظبی(نمائندہ خصوصی)آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں انگلینڈ نے بنگلا دیش کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی ،125 رنز کا ہدف انگلینڈ نے 15ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا، جیسن رائے کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بدھ کے روز ابوظبی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے گروپ ون کے میچ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ بنگلادیش نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ بنگال ٹائیگرز کو ابتدا میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب اس کے 26رنز پر 3 کھلاڑی آئوٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ مشفیق الرحیم 29 اور کپتان محمد اللہ 19 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ناسم احمد 19 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ انگلینڈ کے فاسٹ بولر ٹائمل ملز نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ لیام لیونگ اسٹون اور معین علی نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انگلینڈ نے 125 رنز کا ہدف جیسن رائے کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 15ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ جیسن رائے نے 38 بالوں پر 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ڈیوڈ ملان 28 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ بنگلا دیش کے شریف الاسلام اور ناسم احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو ایک آسان مقابلے میں شکست دے کر گروپ ون میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ اوپننگ بلے باز جیسن رائے کو شاندار بیٹنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔