افغانستان معاشی بحران سے گزر رہا ہے،منجمد اثاثوں تک رسائی دی جائے،شاہ محمود قریشی

688

تہران(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان سنگین معاشی بحران سے گزر رہا ہے،90فیصد سے زائد افغان آبادی اگلے سال خط افلاس سے نیچے جاسکتی ہے،معاشی ابتری سے بچانے کے لیے افغانستان کو منجمد اثاثوں تک رسائی دی جائے۔یہ باتیں انہوں نے بدھ کو تہران میں افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے دوسرے وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔وزیر خارجہ نے کہا
کہ افغانستان سیاسی استحکام کی طرف عبوری دور سے گزر رہا ہے،معاشی انہدام سے عدم استحکام، تنازعات پیدا ہوں گے۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ازبکستان ، ترکمانستان اور تاجکستان کے ہم منصبوں سے الگ الگ ملاقاتیںبھی کیں۔تینوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر قریبی رابطے اور دو طرفہ تعلقات کے استحکام کے لیے قریبی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔