یہودی کالونیوں کی سیکورٹی کیلیے ڈھائی کروڑ شیکل منظور

132

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی حکومت نے فلسطینی علاقوں سے راکٹ حملوں کے خطرات کے پیش نظر یہودی کالونیوں کو راکٹ پروف بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حکومت نے غزہ کے قریب واقع یہودی کالونیوں کے لیے 2 کروڑ 50 لاکھ شیکل کی رقم مختص کی ہے۔ یہ رقم غزہ کے قریب بالخصوص عسقلان کے علاقے میں موجود کالونیوں کو فلسطینیوں کے راکٹ حملوں سے بچانے کے لیے استعمال کی جائے گی۔ اسرائیلی کنیسٹ کی مالیاتی کمیٹی کے نگران نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کے قریب بسنے والے ہزاروں یہودی آباد کاروں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں اور وہ غیر محفوظ ہیں۔کسی بھی وقت وہ حملے کا نشانہ بن سکتے ہیں۔ دوسری جانب عسقلان کے اسرائیلی میئر تامر گلام نے یہودی کالونیوں کی سیکیورٹی کے لیے منظور کرہ بجٹ کو ناکافی قرار دیتے ہوئے حکومت پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ارب کا چوتھا ئی حصہ بجٹ کے لیے مختص کرنا اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے۔ اس وقت ہمیں عسقلان اور فلسطینیوں کے راکٹوں کے ممکنہ نشانے پر تمام علاقوں کی کالونیوں کو سیکورٹی فراہم کرنا ہوگی۔رکن کنیسٹ کشنر نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم یہودی کالونیوں کے دفاع کے لیے بجٹ منظور کرانے میں کامیاب رہے ۔