اسماعیل ہنیہ 50 بااثر عالمی شخصیات میں شامل

193

عمان (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین میں اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو 2021ء اور 2022ء کی دنیا کی موثر اور طاقت ور شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ ان شخصیات کی فہرست میں کئی عرب رہنما شامل ہیں۔ اردن کے شاہی ریسرچ سینٹر کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں 50 عالمی اور مؤثر شخصیات بیان کی گئی ہیں ، جن میں پہلے 20 کی فہرست میں اسماعیل ہنیہ بھی شامل ہیں۔ یہ فہرست اردنی ادارے مبدا کی طرف سے جاری کی گئی ہے۔دنیا کی مؤثر ترین 50شخصیات میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد اور سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز بھی شامل ہیں۔یاد رہے کہ اسماعیل ہنیہ نے 2006ء کے فلسطینی پارلیمانی انتخابات کے بعد قومی حکومت تشکیل دی تھی۔ انہیں فلسطینی صدر محمود عباس نے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ 2017ء میں انہیں حماس کے سیاسی شعبے کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔دوسری جانب اسرائیل نے کئی ماہ سے غزہ کی پٹی کے اسپتالوں کے لیے بیرون ملک سے آنے والی مشینری اور طبی آلات کی فراہمی پر پابندی عائد کررکھی ہے،جس کے باعث غزہ میں طبی صورت حال سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔ اس سے قبل غزہ کے اسپتالوں کے لیے جدید لیزر مشینیں منگوائی گئی تھیں ۔