بھارت کو زیر کرنے کے بعد پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فیورٹ ہوگیا ، غیر ملکی کرکٹرز

415

 

کراچی (رپورٹ: سید وزیر علی قادری) پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت جیسی فیورٹ ٹیم کو چاروں خانے چت کر کے شاندار 10 وکٹوں سے فتح کو جہاں دنیائے کرکٹ میں پزیرائی مل رہی ہے وہیں خود بھارتی لیجنڈز اور کھلاڑی اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہویے اس کامیابی کو آئو ٹ کلاس دے رہے ہیں۔ بھارتی تیم کے سابق کپتان کپل دیو نے کہا ہے کہ پاکستان نے بہترین کرکٹ کھیلی اور میچ کو یکطرفہ بنا دیا، جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے ثابت کر دیا کہ وہ ایک خطرناک ٹیم ہے اور وہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ سابق کپتان نے مزید کہا کہ 152 رنز کا ہدف آسان نہیں تھا مگر پاکستانی اوپنرز نے بڑے اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کی اور میچ آسانی سے جیت لیا۔ آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز لیگ ا سپنر شین وارن نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف شاندار کامیابی کے بعد میری فیورٹ ٹیم پاکستان ہے۔ انہوں نے پاکستانی ٹیم کو بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف عمدہ کارکردگی کی بدولت کامیابی حاصل کی جس کے بعد پاکستان میری فیورٹ ٹیم بن گئی ہے۔ شین وارن نے بابر اعظم کو تینوں فارمیٹ کا بہترین بلے باز قرار دیا۔بھارتی کمنٹریٹر نے اس فتح پر اپنے احساسات کو ان الفاظ میں بیان کیا کہ میچ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میچ کے دوران کئی ریکارڈ جہاں پاش پاش ہوئے وہیں پاکستانی کپتان کی کھل کر تعریف کی گئی ۔ بھارتی کمنٹریٹر نے بابراعظم کو” مغلِ اعظم ” کا خطاب دے دیا۔