قومی ٹیم کا اعلان ، سرفراز شامل نہیں ، ضرورت پڑنے پر موقع دیں گے ، بابر اعظم

324
 آسٹریلیوی ٹیم سے خوفزدہ ہونے کا تاثر درست نہیں ہے، بابر اعظم 

دبئی (نمائندہ خصوصی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارت کے خلاف ٹیم کا اعلان کردیا۔کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث رؤف، شاہین شاہ، حسن علی، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان اور حیدر علی شامل ہیں۔ بھارت کے خلاف 12 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا جبکہ پلینگ الیون کا اعلان میچ سے قبل کیا جائے گا۔خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ آج 7 بجے شب کھیلا جائے گا۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد سینئر کھلاڑی ہیں، ضرورت پڑنے پر سرفراز احمد کو بھی موقع ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار بابر اعظم نے ورچوئل پریس کانفرنس میں بھارت کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم کے اعلان کے موقع پر صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہویے کیا۔ قومی کپتان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ چیئرمین رمیز راجا نے100 فیصد کھیلنے کا کہا انہوں نے کھیل پر فوکس کرنیکا کہا ہے، رمیز راجا نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور اعتماد دیا۔ اس موقع پر بابر اعظم نے کہا کہ بہترین پلیئنگ الیون بنانے کی کوشش کی ہے ضرورت پڑنے پر سرفراز احمد کو بھی موقع ملے گا، شعیب ملک بھی ٹیم میں ہیں وہ بھی اسپنرز کو اچھا کھیلتے ہیں، شاداب خان کی باڈی لینگویج اور جوش و خروش سب کے سامنے ہے۔ بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے ریلیکس رہنا ہے دباؤ نہیں لینا خود پر اعتماد ہے سو فیصد کھیل پیش کریں گے، ہم یہاں کھیلنے کے عادی ہیں ہمارا فوکس کھیل پر ہے اس پر نہیں ہے کہ ہمیں ٹریولنگ کرنا پڑے گی۔قومی کپتان نے کہا کہ پہلے دو میچز بہت اہم ہیں لیکن ہمیں اعتماد ہے کہ ہم اچھا کھیلیں گے، پاک بھارت ہمیشہ ایک بڑا میچ ہوتا ہے اعصاب پر قابو پانا ہوتا ہے ، تینوں شعبوں میں اچھا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے پلان کے مطابق کھیلتا ہوں اور بال پر فوکس کرکے کھیلتا ہوں، ہمارے بولرز اچھے اور تجربہ کار ہیں۔