برطانیہ: خالصتان تحریک نے ریفرنڈم کا اعلان کردیا

250

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک)برطانیہ میں سکھ رہنماؤں نے 31 اکتوبر کو خالصتان ریفرنڈم کے لیے رائے شماری کا اعلان کردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق خالصتان ریفرنڈم کا افتتاح برطانوی پارلیمان کے سامنے کوئن ایلزبیتھ سینٹر میں ہوگا۔ اس سلسلے میں سکھ رہنماؤں نے علاحدہ وطن کا نقشہ بھی جاری کیا ہے۔ سکھ رہنما پرم جیت سنگھ پما کا کہنا ہے کہ ریفرنڈم ہمارا جمہوری حق ہے، سکھ قوم اپنی آزادی کا پہلا ووٹ 31 اکتوبر کو ڈالے گی۔ اس دوران صدرسکھ فارجسٹس سردار اوتارسنگھ نے کہا کہ بھارت نے پنجاب پر قبضہ کر رکھا ہے، برطانیہ کے 175 گردوارے ہمارے ساتھ ہیں۔ صدر کونسل آف خالصتان ڈاکٹر بخشی سنگھ کا کہنا تھا کہ 31اکتوبر سکھوں کا تاریخی دن ہوگا، ریفرنڈم کی نگرانی غیر جانبد ارادارے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا کی نگاہیں سکھ قوم کے ریفرنڈم پر ہیں، ہم پرامن جمہوری طریقے سے اپنا وطن آزاد کرائیں گے۔ سکھ رہنماؤںکا اپنے بیانات میں کہنا تھا کہ ہریانہ اور ہماچل پردیش بھی خالصتان کا حصہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ راجستھان اور اترپردیش کے سکھ علاقے بھی خالصتان کا حصہ بنائے جائیں گے۔