امریکا نے حزب اللہ کمانڈر کے سر کی قیمت مقرر کردی

488

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے حزب اللہ ملیشیا کے ایک اور کمانڈر کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے اس کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 50لاکھ ڈالر کے مالی انعام کا اعلان کردیا۔ یہ کمانڈر یمن ، شام اور عراق میں عسکری کارروائیوں میں ملوث ہے۔ ٹوئٹر پرامریکی محکمہ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں حزب اللہ کے کمانڈر ہیثم علی طباطبائی کی تصویر شائع کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ طباطبائی حزب اللہ کا کمانڈر ہے ، جس نے خطے میں بدامنی پھیلانے کی کئی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے طباطبائی یمن اور شام میں اسپیشل فورسز کے کمانڈر کے طور پر کام کرتا ہے جس نے ملیشیا کے منصوبوں اور ایجنڈے کو نافذ کرنے میں ان کی مدد کی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے 2016 ء میں اسے عالمی دہشت گرد قرار دیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی شخص کے پاس اس کے بارے میں معلومات ہیں تو وہ اس کے پتے اور تصویر کے ساتھ تفصیلات فراہم کرے اسے 50لاکھ ڈالر کے برابر رقم انعام دی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ مطلوب شخص حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کا کا قریبی مشیر ہے اور اس نے مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک میں تنظیم کے فوجی آپریشن کی نگرانی کی تھی۔اس کے دہشت گرد گروہوں کے ساتھ رابطے ہیں اور اس نے یمن کے حوثی باغیوں کو بڑی رقم منتقل کی تھی۔یاد رہے کہ اس سے قبل خلیل یوسف حرب نامی لبنانی کے سر کی رقم بھی مقرر کی گئی تھی۔