عالمی برادری افغانستان میں انسانی بحران روکنے پر توجہ دے،آرمی چیف

248

راولپنڈی‘اسلام آباد(صباح نیوز+آن لائن )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے عالمی سطح پر یکجا ہونے کی ضرورت ہے،آرمی چیف ناٹو کے سینئر سول نمائندہ اسٹیفنو پونٹی کوروو سے گفتگو کررہے تھے جنھوں نے ان سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آرکے مطابق ناٹو کے سینئر سول نمائندے نے جنرل ہیڈ کوارٹرز(جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ملاقات میں خطے میں امن استحکام اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے عالمی سطح پر یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔ملاقات کے دوران ناٹو کے سینئر سول نمائندے نے افغانستان کی صورتحال سے متعلق پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے افغانستان سے غیرملکیوں کے کامیاب انخلا اور خطے کے استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ناٹونمائندے نے افغانستان کے معاملے پر ناٹو ممالک کے پاکستان کے ساتھ روابط اور تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔علاوہ ازیںناٹو وفدنے سینئر سول نمائندہ اسٹیفنو پونٹی کی قیادت میں وزارت خارجہ کا دورہ کیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے ناٹو نمائندہ وفد نے ملاقات کی، جس میں ناٹو وفد کو پائیدار، مستحکم افغانستان پر پاکستانی نقطہ نظر سے آگاہ کیا گیا۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران افغانستان سے غیر ملکی انخلا میں پاکستانی کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری افغانستان میں انسانی المیے سے بچنے کے لیے کردار ادا کرے۔ناٹو وفد نے افغانستان سے غیرملکی انخلا میں پاکستانی امداد پر شکریہ ادا کیا۔