سائیکلنگ چمپئن شپ ،پی او اے نے واپڈا،آرمی کو شرکت سے روک دیا

262

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام 66 ویں نیشنل ٹریک سائیکلنگ چمپیئن شپ آج 18 اکتوبر سے لاہور میں شروع ہوگی،سہ روزہ چمپیئن شپ میں ملک بھر سے ایک سو سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لینگی، پاکستان آرمی اور واپڈا کی ٹیمیں چمپیئن شپ میں شرکت نہیں کر رہی ہیں۔ یہ بات پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ، سیکرٹری نثار احمد، نائب صدر معظم خان اور شعیب نظامی نے سائیکلنگ ویلیو ڈروم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سید اظہر علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ملک میں متوازی تنظیمیں بنا کر کھیلوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ کوئٹہ میں زیر تعمیر سائیکلنگ ویلیو ڈروم کی تعمیر بھی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے رکوا دی، سید اظہر علی شاہ کا کہنا تھا کہ آرمی اور واپڈا کی ٹیموں کو بھی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے چمپیئن شپ میں شرکت سے روک دیا ہے، جو اولمپک موومنٹ کے کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ سید اظہر علی شاہ کا کہنا تھا کہ تین سالوں سے پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے کوئی گرانٹ نہیں ملی اس کے باوجود اپنے بچوں اور بچیوں کو قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کی سہولیات مہیا کر رہے ہیں، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نہیں چاہتی کہ ملک میں سائیکلنگ کا کھیل فروغ پائے۔ ورلڈ روڈ چمپیئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیم کو میرٹ پر منتخب کیا گیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ خیبر پی کے میں ووڈن سائیکلنگ ویلیو ڈروم بنایا جا رہا ہے جس کی فزیبلٹی بن چکی ہے جس سے ملک میں پہلا بین الاقوامی معیار کا ٹریک بنے گا۔ اس موقع پر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری نثار احمد کا کہنا تھا کہ ٹریک چمپیئن شپ سے بہترین کھلاڑیوں کا بھی انتخاب کیا جائے گا ۔