جلسے جلوس عوام کی خدمت نہیں ،اپوزیشن طرز عمل درست کرے،عثمان بزدار

212

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں کرنل (ر) غضنفر عباس شاہ، بلال اصغر،محمد رضا حسین بخاری اور سردار فاروق امان اللہ دریشک شامل تھے۔منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ عثما ن بزدار نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات میں اپوزیشن کا طرز عمل نامناسب اور بچگانہ ہے۔ اپوزیشن عناصر کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ جلسے جلوسوں سے عوام کی خدمت نہیں ہوتی۔ان کے جلسے بے وقت کی راگنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بے وقت کی جلسیوں میں کوئی دلچسپی نہیں۔ کھوکھلے نعرے لگا کر آپ پاکستان کی خدمت نہیں کر رہے۔آپ لوگوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے دور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کیا۔ عوام بنیادی ضرورتوں کو ترستے رہے اور سابق حکمران اقتدار کے مزے لوٹتے رہے۔ ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے عناصر ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں۔نئے پاکستان میں مفاد پرستوں کے ایجنڈے کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے ہمیشہ غلط بیانی کا سہارا لیا۔ہماری حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ہماری حکومت ترقی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کر گئی ہے۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے جاری منصوبوں کی خود نگرانی کررہا ہوں۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت کو لوگوں کی مشکلات اور مسائل کا احساس ہے۔غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ کم وسیلہ لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے حکومت نے متعدد پروگرام شروع کئے ہیں جن کے ذریعے کمزور طبقے کی فلاح پر پوری توجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ تیز رفتار صنعتی عمل کے ذریعے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کر کے غربت میں کمی کی جا سکتی ہے۔ غربت پر قابو پانے کے لیے معاشی ناہمواریوں کو دور کرنا ضروری ہے، غربت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔