گرانٹ بریڈ برن نے ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ کا عہدہ چھوڑ دیا

198

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گرانٹ بریڈ برن نے ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ کا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔انہوں نے پاکستان میں اپنے تین سالہ دور میں ستمبر 2018 سے جون 2020 تک قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے کام کیا۔ اس کے بعد انہوں نے ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ کا عہدہ سنبھالا۔گرانٹ بریڈ برن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان میں کام کے دوران مختلف چیلنجز سے نمٹنے پر انہیں فخر ہے، وہ بھرپور تجربے اور مواقع فراہم کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک غیرملکی کی حیثیت سے پی سی بی کے موجودہ اور سابقہ ملازمین، کھلاڑیوں اور آفیشلز نے ان کے ساتھ بہت تعاون کیا۔ انہوں نے ہمیشہ یہاں خود کو محفوظ تصور کیا۔گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ اس دوران ان کی اہلیہ میری اور ان کے تینوں بچوں نے بھی بہت قربانیاں دیں، کووڈ19 کے دوران ان کے لیے پاکستان کا سفر کرنا مشکل ہوگیا تھالہذا وہ سمجھتے ہیں کہ اب ان کے لیے اپنی فیملی کو ترجیح دینے اور کوچنگ کے نئے مواقع تلاش کرنے کا وقت ہے۔ندیم خان ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کا کہنا ہے کہ گرانٹ بریڈ برن نے مکمل دلجمعی کے ساتھ پاکستان کرکٹ کی خدمت کی، اس دوران انہوں نے بھرپور قوت کے ساتھ مختلف آئیڈیاز پیش کیے، وہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کی تعمیر نو میں اہم کردارادا کرنے سمیت پاکستان کرکٹ کے ساتھ کام کرنے پر گرانٹ بریڈ برن کے معترف ہیں